منگلورو، 12؍جون (ایس او نیوز) ریلوے ملازمین کو اپنی نوکری پر بحال رہنے کے لئے ہر سال لازمی طور پر اپنی تندرستی (میڈیکل فٹنیس) کا جو سرٹفکیٹ جمع کروانا ہوتا ہے اسے بغیر جانچ پڑتال کے ہی جاری کرنے والے ایک ڈاکٹر، فارمیسی انچارج اور دلال کو سی بی آئی نے گرفتار کر لیا ۔
بتایا جاتا ہے کہ سی بی آئی نے منگلورو سینٹرل اسٹیشن کے پاس موجود محکمہ ریلوے کے ہاسپٹل میں چھاپہ مارنے کے بعد یہاں چل رہے نقلی فٹنیس سرٹفکیٹ جاری کرنے والے جال کا پردہ فاش کیا ہے ۔ سی بی آئی کی ٹیم نے اس ہاسپٹل میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی ذمہ داری ادا کرنے والے ڈاکٹر شیو شنکر مورتی ، فارمیسی انچارج وجین وی اے اور ابراہیم نامی ایک دلال کو گرفتار کرنے کی اطلاع پانڈیشور پولیس اسٹیشن کو دی ۔ اس ہاسپٹل سے سدھرن ، ساوتھ ایسٹ اور کونکن ریلوے کے 1500 سے زائد ملازمین کو نقلی سرٹفکیٹ جاری کیے جانے کی بات چھاپہ کے دوران سامنے آئی ہے ۔